بھٹکل 26 دسمبر (ایس او نیوز) گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی انجمن کالج فور ویمن نے شاندار پرفارمینس پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی لیول پر تین رینک اپنے نام کرلئے ہیں۔ بھتکل کی ایک طالبہ پوری کرناٹکا ویمن یونیورسٹی میں سکینڈ رینک حاصل کی ہے تو ایک طالبہ نے چھٹا رینک اور ایک نے آٹھواں رینک حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔
کالج پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق خیرالنسا سُہا فقی بنت محمد غوث باشاہ عرف وانیا باشا نے 87.41 فیصد اوسط مارکس کے ساتھ پوری یونیورسٹی میں دوسرا رینک حاصل کیا ہے جس کے ساتھ ہی انہوں نے نہ صرف شہر بھٹکل بلکہ پورے ضلع اُترکنڑا کا نام روشن کردیا ہے۔ فضا مریم ایس ایم بنت سید حُسین سید محی الدین نے 85.89 فیصد اوسط کے ساتھ یونیورسٹی میں چھٹا رینک پانے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ جبکہ انجمن کالج فور ویمن بھٹکل کی دُرۃ بنت محمد عظیم ائیکری نے بھی بی اے میں 85.63 فیصد اوسط کے ساتھ نمایاں کامیابی درج کرتے ہوئے پوری یونیورسٹی میں آٹھواں رینک حاصل کیا ہے۔
بی کام اور بی ایس سی کے نتائج آنے ابھی باقی ہیں مگر خبر ملی ہے کہ بی کام میں بھی بھٹکل انجمن ویمن کالج کودو یونیورسٹی رینک حاصل ہوئےہیں۔ فی الوقت جو خبر موصول ہوئی ہے اس کے مطابق بی کام میں اس کالج کی دو طالبات نے بالترتیب چوتھا اور دسواں رینک حاصل کیا ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ بی ایس سی میں بھی بھٹکل کی طالبات کی کارکردگی گذشتہ سالوں کی طرح نہایت شاندار رہے گی اور بی ایس سی میں بھی رینک حاصل کرنا تقریبا طئے ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ آٹھ ، نو سالوں سے کرناٹکا اسٹیٹ ویمن یونیورسٹی وجئے پورا سے بھٹکل انجمن ویمن کالج کی طالبات کا رینک حاصل کرنے کا سلسلہ برابر جاری ہے، اس ضمن میں پرنسپال رئیسہ شیخ کا کہنا ہے کہ کالج لیکچررس طالبات پر بہت زیادہ محنت کرتی ہیں، ان کی بہت اچھی طرح خبر گیری رکھتی ہیں اور طالبات کو آگے بڑھانے میں ہرممکن مدد کرتی ہیں۔ ساتھ ساتھ طالبات میں بھی تعلیم کے میدان میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا رحجان بہت زیادہ پایا جاتا ہے۔
بی اے میں امسال تین طالبات کے رینک پانے پر انجمن صدر جناب عبدالرحیم جوکاکو، جنرل سکریٹری جناب صدیق اسماعیل، ایڈیشنل سکریٹری جناب اسحاق شاہ بندری سمیت انجمن کالج فور ویمن کی پرنسپال محترمہ رئیسہ شیخ نے طالبات کے ساتھ ساتھ اُن کی ٹیچرس و لیکچررس کو بھی مبارکباد پیش کی ہیں اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے۔